تھائی لینڈ میں طوفان کے باعث 30 ہزار افراد پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور

,

   

منیلا ۔5 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) جنوبی تھائی لینڈ میں شدید طوفان کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور بلیک آؤٹ نے تقریباً 30 ہزار افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور کردیا۔ اے یف پی کے مطابق پابوک طوفان کے باعث جنوبی تھائی لینڈ میں نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے اور ہزاروں افراد اور سیاح محصور ہوگئے۔ طوفان کے باعث 75 کلومیٹر (45 میل) فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں، تیز بارش اور طوفان نے ریاست کے جنوبی حصے کو نقصان پہنچایا اور بجلی کا نظام تباہ ہوگیا۔ پابوک طوفان کے باعث جنوبی پٹانی صوبے میں تیز لہروں کی زد میں آکر ایک ماہی گیر ہلاک ہوا جبکہ اس کا ساتھی مبینہ طور پر لاپتہ ہے۔طوفان کے باعث سیاحوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور اہم سیاحتی جزیرے کوہ ساموئی، کوہ پھنگن اور کوہ تاؤ پر تیز بارش کے باعث سیاح محصور ہوگئے جبکہ ایئرپورٹ بند ہونے اور فیری سروسز معطل ہونے کے باعث بھی انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔کوہ ساموئی کے ضلعی چیف کتیپوپ روڈون نے کہا کہ وہاں کوئی اموات نہیں ہوئی، آج موسم کچھ بہتر ہے اور مجھے امید ہے کہ کچھ سیاحوں کی آج ہی وہاں سے واپسی ہوجائے گی کیونکہ فیریز اور فلائٹس بحال ہوگئی ہیں۔تاہم ساحلوں پر تیراکی پر پابندی کیلئے ’ریڈ فلیگ‘ انتباہ جاری ہے جو ہر سال اس موسم کے درمیان ہوتا ہے۔