بنکاک۔ 8 فروری (سیاست ڈاٹ کام) تھائی لینڈ میں ایک فوجی نے آپے سے باہر ہو کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک ہو گئے۔نیوز ایجنسی رائٹرس کے مطابق وزارت دفاع کے ترجمان کونگ چیپ تانتراوانِت نے تھائی لینڈ کے شمال مشرقی شہر ناکھون راچاسیما میں فوجی کی فائرنگ سے 20 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی۔ترجمان نے فائرنگ میں زخمی ہونے والوں کی تعداد سے متعلق نہیں بتایا۔انہوں نے کہا کہ اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ شاپنگ مال میں مسلح شخص نے کسی کو یرغمال بھی بنا رکھا تھا یا نہیں، جبکہ وہ اب تک فرار ہے۔مقامی امارِن چینل کی براہ راست تصاویر میں فائرنگ کے بعد لوگوں کو شاپنگ مال سے باہر آتے ہوئے دیکھا گیا۔لوگ ٹولیوں کی شکل میں مال سے باہر آئے، چند کے ہاتھوں میں بچے بھی تھے جبکہ بزرگوں کو سہارا دیتے ہوئے مال سے باہر آئے۔فائرنگ کا آغاز سہ پہر کو تھائی آرمی کی بیرکس سے ہوا جہاں سارجنٹ میجر جَکراپانتھ تھوما کی فائرنگ سے ایک فوجی سمیت 3 افراد ہلاک ہوئے۔پولیس کے لیفٹیننٹ کرنل مونگکول کْپتاسِری نے کہا کہ بیرکس میں فائرنگ کے بعد جَکراپانتھ تھوما آرمی کی گاڑی چوری کرکے ٹاؤن سنٹر کی طرف بھاگ نکلا۔ٹاؤن سنٹر میں آپے سے باہر ہونے والے فوجی نے مشین گن سمیت آرمی سے چْرائے گئے ہتھیاروں کا استعمال کیا۔مال میں گھسنے کے بعد اس نے عوام اور میڈیا کو خبردار کیا کہ وہ ایسی کوئی معلومات شیئر نہ کریں جس سے مال میں موجود لوگوں کی زندگی خطرے میں آجائے۔فوجی نے فیس بک پیج پر اپنی تصاویر بھی شیئر کیں اور کئی پوسٹس ڈالے جس میں سے اس نے ایک میں لکھا کہ ’’کیا مجھے سرینڈر کر دینا چاہئے؟‘‘ جبکہ دوسری پوسٹ میں اس نے لکھا ’’کوئی بھی موت سے نہیں بچ سکتا‘‘۔