بنکاک،27 مارچ (یو این آئی) تھائی لینڈ میں جاری معروف مقابلہ حسن ’مس گرینڈ تھائی لینڈ‘کے اسٹیج پر ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے ۔ ایک امیدوار کے دورانِ گفتگو مصنوعی دانت گر گئے ، مگر ان کے ردِعمل نے ثابت کر دیا کہ اصل خوبصورتی شکل و صورت سے زیادہ ’خود اعتمادی‘میں چھپی ہے۔ مقابلے کے ابتدائی مرحلے میں جب ایک خوبرو امیدوار مائیک پر اپنا تعارف کروا رہی تھیں تو اچانک ان کے ڈینٹل وینئرز نکل کر نیچے گر گئے ۔ براہِ راست نشریات ہونے کی وجہ سے یہ لمحہ لاکھوں ناظرین نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ عام طور پر ایسی صورتحال میں کوئی بھی گھبرا کر اسٹیج چھوڑسکتا ہے، لیکن اس خاتون امیدوار نے کسی بھی پریشانی کا اظہار کیے بغیر چند سیکنڈز کیلئے رخ موڑا، خاموشی سے اپنے وینئرز درست کیے، دوبارہ مائیک سنبھالا اور اسی مسکراہٹ اور روانی کے ساتھ اپنی بات مکمل کی جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔اس واقعہ کے بعد ہال تالیوں سے گونج اٹھا اور ججس نے بھی ماڈل کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔