بنکاک:تھائی لینڈ کے صوبہ چاچونگساؤ کے دارالحکومت بینگتوئی میں ایک مسافر بس کے مال بردار ٹرین کی زد میں آجانے سے کم از کم 20 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے۔چیف ڈسٹرکٹ آفیسر پرتھونگ یوکاسیم نے یہاں بتایا کہ بینگتوئی علاقے میں ایک سیاحتی بس بغیر پھاٹک والے ریلوے کراسنگ کو پار کررہی تھی، اسی وقت اچانک ایک مال بردار ٹرین آ گئی اور بس کو روندتے ہوئے چلی گئی۔ اس حادثے میں 17 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ اور 30 ??دیگر زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔ بعد ازاں زخمیوں میں سے تین دواخانہ میں دم توڑ گئے۔مسٹر یوکاسیم نے بتایا کہ بس میں 65 افراد سوار تھے۔ ریلیف ٹیم کے اہلکاروں نے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ “بس میں سوار افراد صوبہ سمت پراکن سے چاچونگساؤ کے مضافات میں واقع ایک مندر کے درشن کے لیے جارہے تھے۔ راستے میں، صوبہ چونبوری کے لیم چابنگ بندرگاہ سے آنے والی مال گاڑی سے ان کی بس ٹکراگئی۔ ٹرین سے ٹکرانے کے بعد بس الٹ گئی۔ اس حادثے میں کم سے کم 17 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے اور 3 اسپتال میں دم توڑ گئے۔انہوں نے کہا کہ حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔
