تھائی لینڈ میں پبلک ٹرانسپورٹ پر سخت پابندیاں

   

بینکاک: تھائی لینڈ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے تحت چہارشنبہ سے پبلک ٹرانسپورٹ پر مزید پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ ملک میں ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ کے لئے مسافروں کی تعداد کو کم سے کم نصف کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بنکاک اور دوسرے سب سے زیادہ متاثرہ صوبوں کے لئے گھریلو پروازوں پر بھی عارضی طور پر پابندی عائد کی جائے گی۔ تھائی لینڈ نے اتوار کے روز مزید تین صوبوں میں پابندی والے اقدامات میں توسیع کا اعلان کیا ، جس میں ٹریول پابندی ، رات کے اوقات میں کرفیواورشاپنگ مال کی بندش شامل ہیں۔
ملک میں موجودہ پابندیاں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں ناکام رہی اور یومیہ کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوتا رہا۔ حکومت کے زیر انتظام سی سی ایس اے نے زیادہ خطرہ والے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ گھر پر رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔ خیال رہے تھائی لینڈ میں پیر کے روز 11،784 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، جس سے ملک میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 415،170 ہوگئی۔ ملک میں لگاتار چار دن سے کورونا وائرس کے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 81 افراد کی موت ہوچکی ہے ، جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی کل تعداد 3،422 ہوگئی ہے ۔