تھائی لینڈ میں 15جون سے کرفیوختم

   

بنکاک 12جون (سیاست ڈاٹ کام) تھائی لینڈ حکومت نے کورونا وبا کے پیش نظر ملک میں نافذ رات کے کرفیو کو 15جون سے ہٹانے کا حکم دیا ہے ۔سنٹر فارکووڈ سچوایشن ایڈمنسٹریشن(سی سی ایس اے ) نے جمعہ کو اس کااعلان کیا۔سی سی ایس اے کے ترجمان تاویسن وسنیوتن نے بتایا کہ وزیر اعظم کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں وزراء اور صحت ماہرین نے نائٹ کرفیو پیر سے ہٹائے جانے پر اتفاق کیا ہے لیکن ملک میں لاک ڈاؤن کی صورت حال برقرار رہے گی۔ وزیراعظم سی سی ایس اے کے سربراہ بھی ہیں۔دوسری جانب قومی سلامتی کونسل (این ایس سی)نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ نائٹ کرفیو کو ایک آزمائشی مدت کے تحت 15 روز کے لئے ہٹایا جانا چاہئے ۔سی سی ایس اے نے حالانکہ این ایس سی کی تجویز پر ابھی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔اس درمیان جمعہ کو تھائی لینڈ میں کورونا وائرس کے چار نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور ان میں سبھی لوگ ہندوستان سے لوٹے ہیں۔نئے معاملوں کے ساتھ یہاں کل متاثرین کی تعداد 3125 ہوگئی ہے جبکہ اس بیماری سے اب تک 58افراد ہلاک ہوئے ہیں۔