تھائی لینڈ کا ٹرمپ کی جنگ بندی کال پر ردعمل

   

بنکاک27جولائی (یو این آئی/ژنہوا) تھائی لینڈ نے اتوار کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے تھائی-کمبوڈیا کی سرحد پر جنگ بندی کی اپیل پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک اصولی طور پر جنگ بندی پر متفق ہے لیکن وہ کمبوڈیا کی جانب سے مخلصانہ نیت کی امید کرتا ہے۔تھائی لینڈ کی وزارت خارجہ نے آج ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی کہ ‘‘قائم مقام وزیر اعظم فومتھم ویاچایاچائی نے صدر ٹرمپ سے بات کی جنہوں نے درخواست کی کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کو فوری طور پر جنگ بندی پر متفق ہو نا چاہیے ۔بیان کے مطابق مسٹر فومتھم نے مسٹر ٹرمپ کو بتایا کہ ‘‘تھائی لینڈ اصولی طور پر جنگ بندی پر متفق ہے ۔ تاہم تھائی لینڈ کمبوڈیا کی جانب سے مخلصانہ ارادہ دیکھنا چاہے گا۔مسٹر فومتھم نے صدر ٹرمپ سے درخواست کی کہ وہ کمبوڈیائی فریق کو بتائیں کہ تھائی لینڈ جنگ بندی اور تنازعے کے پُرامن حل کے لیے اقدامات اور طریقہ کار لانے کے لیے جلد از جلد دوطرفہ مذاکرات منعقد کرنا چاہتا ہے ۔

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے سرحدی علاقوں میں جھڑپیں جاری
بنکاک 27جولائی (یو این آئی/ژنہوا) تھائی لینڈ کی نیشنل براڈکاسٹنگ سروس نے اتوار کو تھائی فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ تھائی لینڈ-کمبوڈیا سرحد پر آج بھی گولیوں کی آوازیں سنی گئیں۔براڈکاسٹر نے بتایا کہ کمبوڈیا کے توپ خانے کے گولے مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 40 منٹ پر سورن صوبے میں ایک شہری گھر پر گرے ۔ مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے تک فائرنگ کی آوازیں وقفے وقفے سے سنی گئیں۔کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان سرحدی علاقوں میں جمعرات کو جھڑپیں ہوئیں، دونوں فریقوں نے ایک دوسرے پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا الزام لگایا۔