تھائی لینڈ-کمبوڈیا سرحد پر جھڑپوں میں 32 ہلاکتیں

,

   

ہندوستانی سفارتخانوں کی تازہ سفری ہدایات جاری

بنکاک ۔26؍جولائی ( ایجنسیز)تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کی سرحد پر جاری جھڑپوں میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 32 ہو گئی ہے اور 130 زخمی ہو چکے ہیں۔ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر کمبوڈیا اور تھائی لینڈ میں موجود ہندوستانی سفارتخانوں نے اپنے شہریوں کیلئے نئی سفری ہدایات جاری کی ہیں جن میں سرحدی علاقوں سے مکمل طور پر دور رہنے، احتیاط برتنے اور کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری رابطہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ حالات کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ تھائی لینڈ نے سرحدی علاقوں کے 8 اضلاع میں مارشل لا نافذ کر دیا ہے جبکہ 138,000 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ اسی دوران فنوم پین میں واقع ہندوستانی سفارتخانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک بیان میں کہا کہ تھائی لینڈ۔کمبوڈیا سرحد پر جاری کشیدہ حالات کے پیش نظر ہندوستانی شہریوں کو سختی سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ سرحدی علاقوں کا سفر نہ کریں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فنوم پین میں واقع ہندوستانی سفارتخانے کے نمبر +855 92881676 پر رابطہ کریں یا [email protected] پر ای میل کریں۔ ‘‘اسی طرح، تھائی لینڈ میں واقع ہندوستانی سفارتخانے نے بھی ایک تازہ سفری ہدایت جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو محتاط رہنے، غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور مقامی حکام سے تازہ ترین معلومات لینے کی تاکید کی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر دونوں ممالک نے فوری طور پر بات چیت کا راستہ نہ اپنایا تو خطہ میں ایک وسیع تصادم کا خدشہ بڑھتا جا رہا ہے جس کے اثرات نہ صرف جنوب مشرقی ایشیا بلکہ خطے کے دیگر ممالک پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔