تھائی لینڈ کی حسینہ سے ایک دن میں ہی تاج واپس لے لیا گیا

   

بنکاک، 25 ستمبر (یو این آئی) تھائی لینڈ کی ‘صوبائی بیوٹی کوئین’ سوفانی نوئنونتھونگ المعروف بیبی کو تاج ملنے کے صرف ایک روز بعد ہی اِن سے یہ اعزاز واپس لے لیا گیا۔ جیوری کی جانب سے لیا گیا یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب سوفانی کی چند متنازع ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘نیو اسٹریٹس ٹائمز’ کے مطابق سوفانی نوئنونتھونگ کو 20 ستمبر کو صوبائی مقابلے کی فاتح قرار دیا گیا تھا، اس اعزاز کے بعد اِنہیں قومی سطح پر ‘مِس گرانڈ تھائی لینڈ 2026ء’ میں اپنے صوبے کی نمائندگی کرنی تھی۔ 21 ستمبر کو پیجینٹ کمیٹی نے اعلان کیا کہ اِن کی ویڈیوز مقابلے کی اقدار اور ضابطہ اخلاق کے خلاف ہیں جس کے نتیجے میں سوفانی سے اعزاز واپس لیا جا رہا ہے ۔ کمیٹی کے بیان میں کہا گیا کہ موجودہ صوبائی بیوٹی کوئین کو ایسی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا جو مقابلے کی روح اور اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتیں، لہٰذا ان کا عہدہ ختم کرنا ضروری ہے ۔ دوسری جانب 27 سالہ حسینہ نے فیس بُک پوسٹ میں معافی مانگتے ہوئے وضاحت میں کہا کہ کورونا وبا کے دوران مالی مشکلات نے اِنہیں مجبور کیا تھا، اُنہوں نے یہ سب اپنی بیمار والدہ کے لیے کیا جو کہ اب اس دنیا میں نہیں رہیں۔