نام پنہ 26جولائی (یو این آئی)کمبوڈیا کے حکام نے تھائی لینڈ کے ساتھ جاری سرحدی تنازعہ کے نتیجہ میں مزید 12 افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے ، جس کے بعد دونوں جانب ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 32 ہو گئی ہے ، اس خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ یہ جنوب مشرقی ایشیائی ہمسایہ ممالک ایک طویل تنازع میں الجھ سکتے ہیں۔’الجزیرہ‘ی رپورٹ کے مطابق کمبوڈیا کی وزارت دفاع کی ترجمان مالی سوچیتا نے ہفتے کے روز صحافیوں کو بتایا کہ مزید 7 عام شہری اور 5 فوجی ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔اس سے قبل ایک کمبوڈین شخص اس وقت ہلاک ہوا تھا جب جمعرات کے روز وہ ایک بدھ مت کے مندر میں چھپا ہوا تھا اور اس پر تھائی راکٹ داغے گئے ۔وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق کم از کم 50 کمبوڈین شہری اور 20 سے زائد فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔تھائی لینڈ نے گزشتہ دو دنوں کی لڑائی میں بچوں سمیت 13 عام شہریوں اور 6فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے ، مزید 29 تھائی فوجی اور 30 عام شہری کمبوڈین حملوں میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔
انڈونیشیا میں6.0شدت کا زلزلہ
جکارتہ 26جولائی (یو این آئی) انڈونیشیا کے مشرقی صوبہ شمالی مالوکو کے ساحل کے قریب ہفتہ کی صبح 6.0 شدت کا زلزلہ آیا۔اس کی اطلاع کے محکمہ موسمیات اور ارضیاتیات نے دی۔زلزلہ مقامی وقت کے مطابق ہفتہ کی صبح 4:30 بجے آیا، جس کا مرکز شمالی ہلما ہیرہ ریجنسی کے دئی جزیرے سے 104 کلومیٹر جنوب مغرب میں، سمندر کی سطح سے 58کلومیٹر گہرائی میں واقع تھا۔زلزلے کے بعد سونامی کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔