اسمبلی انتخابات کا بائیکاٹ روکنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی کوشش
تھانہ۔26ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) رواں سال کے لوک سبھا انتخابات میں تھانہ میں صرف 19فیصد رائے دہندوں نے اپنا ووٹ استعمال کیا تھا ۔ ضلع انتظامیہ آئندہ ماہ مہاراشٹرا کے اسمبلی انتخابات میں بہتر رائے دہی کی امید کررہا ہے ۔ لوک سبھا انتخابات میں مہاراشٹرا میں رائے ہی تعطیلات اور دیگر وجوہات کے سبب کم رہی لیکن اسمبلی انتخابات مہاراشٹرا میں دیوالی اور تعطیلات سے قبل 21 اکٹوبر کو منعقد ہوں گے ۔ تھانے کے کلکٹر راجیش نارویلکر نے یہ تفصیل بتائی ۔ انہوں نے چہارشنبہ کے دن اخبار نویسیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہم تھانہ ضلع کی 18نشستوں کے لئے بہتر رائے دہی کی امید کررہے ہیں‘’ ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کلیان اور ڈومبیولی علاقوں کے رہنے والوں سے اس سلسلہ میں بات چیت کرے گا جنہوں نے گذشتہ لوک سبھا انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا ۔ انہیں اپنے گھروں سے نکلنے اور ووٹ ڈالنے پر مائل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ طلبہ کی بھی مدد لے گا تاکہ اس علاقہ میں الیکشن سے متعلق بیداری کی مہم چلائی جاسکے ۔ اس بار رائے دہندوں کی فہرست سے جملہ 6,644 نام حذف کردیئے گئے ۔