تھاورچند نئے گورنر کرناٹک ، متعدد دیگر کا تبادلہ

   

نئی دہلی: مرکزی وزیر تھاورچند گہلوت کو کرناٹک کا نیا گورنر مقرر کیا گیا ہے جبکہ ہماچل پردیش کے گورنر بنڈارو دتاتریہ کو ہریانہ منتقل کردیا گیا ہے ۔راشٹرپتی بھون کی طرف سے منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق صدر رام ناتھ کووند نے گہلوت کو کرناٹک کا گورنر مقرر کیا ہے جبکہ دتاتریہ کو ہماچل پردیش سے ہریانہ منتقل کردیا گیا ہے ۔ کووند نے میزورم کے گورنر پی ایس سری دھرن پلئی کو گوا کا گورنر مقرر کیا ہے ۔ ان کے تبادلہ کی وجہ سے میزورم میں خالی جگہ کے لئے ہری بابو کو مقرر کیا گیا ہے ۔ہریانہ کے گورنر ستیندر نارائن آریہ کا تبادلہ تریپورہ کردیا گیا ہے جبکہ تریپورہ کے گورنر رمیش باسے اب جھارکھنڈ کے گورنر کا عہدہ سنبھالیں گے ۔صدر نے منگھو بھائی چھگن بھائی پٹیل کو مدھیہ پردیش کا گورنر مقرر کیا ہے جبکہ راجندر وشوناتھ آرلیکر ہماچل پردیش کے نئے گورنر ہوں گے ۔ ان سب کی تقرریوں اور تبادلوں کا عہدہ سنبھالنے کے دن سے نفاذ ہوگا۔