تھرڈ امپائر کے فیصلے پر پاکستانی شائقین کی تنقید

   

کیپ ٹاون ۔5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کیپ ٹاون میں کھیلا جارہا دوسرا ٹسٹ میچ بھی تنازعہ کا شکار ہوگیا ہے۔ میچ کے دوسرے دن پہلے سیشن کے دوران تھرڈ امپائر نے فیلڈ امپائر کے ایک فیصلہ کو بدل دیا ، جس کے بعد ایک مرتبہ پھر تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔ سوشل میڈیا پر پاکستانی کرکٹ شائقین تھرڈ امپائر کے فیصلہ کی تنقید کررہے ہیں۔ دراصل محمد عباس کی گیند پر جنوبی افریقہ کے ٹیمبا باووما کا ایک کیچ اظہر علی کے پاس فرسٹ سلپ میں چلاگیا ، جس کو اظہر علی نے پکڑلیا۔ تاہم کیچ پوری طرح صحیح پکڑا گیا یا نہیں ، اس کے لئے میدان کے امپائر نے تھرڈ امپائر کی مدد لی اور ساتھ میں ہی سافٹ سگنل آوٹ کا دیا۔کئی مرتبہ ری پلے دیکھنے کے بعد تھرڈ امپائر نے فیلڈ امپائر کے فیصلہ کو بدل دیا اور جنوبی افریقہ کے بیٹسمین کو ناٹ آوٹ قرار دیا۔ فیلڈ امپائر کے فیصلہ کو بدلنے کی وجہ سے ٹویٹر صارفین تھرڈ امپائر کی جم کر تنقید کررہے ہیں۔ ایک ٹویٹر صارف نے تو تھرڈ امپائر کو جنوبی افریقہ کا بارہواں کھلاڑی تک کہہ ڈالا۔ خیال رہے کہ یہ واقعہ بالکل ایسا ہی تھا جیسا کہ پہلے میچ کے دوران بھی پیش آیا تھا۔ پہلے میچ میں بھی تھرڈ امپائر نے فیلڈ امپائرکے فیصلہ کو بدلتے ہوئے ڈین ایلگر کو ناٹ آوٹ قرار دیا تھا۔ اس وقت بھی کیچ پکڑنے و الے اظہر علی ہی تھے مگربولر اس وقت شاہین شاہ آفریدی تھے ۔