حیدرآباد۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ تھلیسمیا کے مریضوں کو ہاسپٹل جانے کی اجازت دی جائے اور انہیں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے وزیر داخلہ محمد محمود علی اور ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی کو مشورہ دیا کہ تھلیسمیا کے مریضوں اور خون کا عطیہ دینے والوں کیلئے خصوصی پاسیس کی اجرائی عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشیل میڈیا پر انہیں مختلف گوشوں سے اس بارے میں توجہ دلائی گئی کہ تھلیسمیا کے مریضوں کو ہاسپٹل جانے سے روکا جارہا ہے اور ای ۔ پاس کے بارے میں دریافت کیا جارہا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مریضوں اور میڈیکل خدمات کو لاک ڈاؤن سے استثنیٰ دیا گیا ہے اور پولیس کو بھی چاہیئے کہ اس کی پابندی کرے۔