تھمّامیں وہ نہیں جو استری اور بھیڑیا میں تھا

   

ممبئی، 24 اکتوبر (ایجنسیز) ہارر کامیڈی کائنات کی نئی فلم تھمّا باکس آفس پر راج کر رہی ہے۔ فلمساز امرکوشل کی تھمّا میں ایوشمان کھرانہ اور رشمیکا مندنا نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔ یہ دونوں ستارے پہلی بار ہاررکامیڈی کائنات میں ایک دوسرے کے ساتھ آئے ہیں لیکن جو چیز سابق فلموں استری اور بھیڑیا میں تھی وہ تھمّا میں غائب ہے۔ امرکوشل سے حال ہی میں تھمّا کے بارے میں کئی سوالات پوچھے گئے، جن کا ڈائریکٹر نے کھل کر جواب دیا۔ انٹرویو کے دوران امر کوشل سے پوچھا گیا کہ وہ میڈاک سنیماٹک یونیورس کے کرداروں کو کیسے آگے لے جانا چاہتے ہیں۔ اس سوال کے جواب میں ڈائریکٹر نے کہا کہ جب ہم اس کائنات کا تصورکر رہے تھے تو ہم نے کبھی ستاروں کے بارے میں نہیں سوچا تھا، ستارے کائنات نہیں بناتے، ستارے کائنات کا حصہ ہیں، فطرت ایسی ہی ہے۔ امر کوشک نے مزید کہا ہم اسی پرکام کر رہے ہیں۔ ہماری اصل توجہ ہمیشہ کہانی پر رہی ہے اور ہم نے اسے کیسے آگے بڑھایا ہے۔ ہم نے کائنات کے کرداروں کو جوڑنے اور آنے والی ہر فلم کو بڑا بنانے پرکام کیا ہے۔ ہماری توجہ کبھی بھی ستاروں پر نہیں رہی۔ ہماری فلمی کائنات کی روح ایک گہری دیسی کہانی ہے۔ ہدایت کار سے پوچھا گیا کہ استری اور بھیڑیا میں دکھائے گئے سماجی پیغامات اورتھمّا میں ایک بھی کیوں نہیں تھا۔ فلمساز نے جواب دیا ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ہم ہر فلم میں پیغام دینا چاہتے ہیں۔ لیکن اگر آپ توجہ دیں تو ہم نے اس کی وجہ ضرور بتائی ہے کہ بیتال کیوں کبھی خون نہیں پیتا۔ بیتال کہتا ہے کہ انسان ایک دوسرے کو مار رہے ہیں اور ان کا خون اب خالص نہیں رہا۔ بیتال خالص خون چاہتا ہے۔ آپ اسے ایک پیغام کے طور پر لے سکتے ہیں یا صرف تفریح کے طور پر۔ ہرفلم میں پیغام دینا ضروری نہیں ہے۔