میڈرڈ: چند ہفتوں کے وقفہ کے بعد یو ایس اوپن چمپئن ڈومینک تھم تازہ دم دکھائی دے رہے ہیں اور انہوں نے آسانی کے ساتھ تیسرے مرحلہ میں رسائی حاصل کرلی جیسا کہ میڈرڈ اوپن نے انہوں نے امریکی حریف مارکس گیران کو راست سیٹوں میں 6-1,6-3 سے شکست دی۔ سنٹر کوٹ میں کھیلے گئے اس مقابلہ کے آعاز سے ہی تھم مقابلہ پر اپنا قابو بنائے رکھا۔ عالمی درجہ بندی میں چوتھے مقام پر فائز کھلاڑی نے دوحہ اور دبئی کے ٹورنمنٹ میں ابتدائی مرحلوں میں ناکامی کے بعد چند ہفتوں کا آرام لیا تھا۔ کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے 27 سالہ تھم نے کہا کہ مجھے تازہ دم ہونے کیلئے وقفہ ضروری تھا اور آج جس طرح میں نے مظاہرہ کیا وہ اطمینان بخش ہے۔ دیگر مقابلوں میں اینڈری ریبیلو نے امریکی کھلاڑی ٹامی پال کو 6-7(5),6-3,6-4 سے شکست دی جبکہ کائی نشی کوری نے حریف کھلاڑی کیرن کیچانو کو 6-7(6),6-2,6-2 سے شکست دی۔