تھنجاور مندر حادثہ، اسٹالن متاثرین سے ملاقات کریں گے

   

تھنجاور: تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن تھنجاور مندر حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین اور زخمیوں سے ملاقات کرنے جائیں گے ۔چہارشنبہ کی اولین ساعتوں میں رتھ یاترا کے دوران تھنجاور مندر میں بجلی کے جھٹکے لگنے سے 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو ئے ہیں۔دریں اثنا، تمل ناڈو قانون ساز اسمبلی میں تمام سیاسی جماعتوں کی طرف سے ’تحریک توجہ‘پیش کی گئی۔ تھروائیرو کے ایم ایل اے دورائی چندرشیکھرن نے بتایا کہ قرارداد کا مقصد 7ویں صدی کے تمل شیوا شاعر سنت سری اپر کی یاد میں منعقدہ تقریب میں جانی نقصان کی طرف توجہ مبذول کرانا تھا۔ وزیر اعظم نے مرنے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے اور ریاست کے وزیر اعلیٰ نے پانچ پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
اسٹالن نے اسکولی تعلیم کے وزیر امبیل مہیش پویاموزی کو موقع پر پہنچنے اور راحتی کاموں کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے حکام کو حادثے میں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔