نئی دہلی۔8 جون (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے اثر اور تباہی کے درمیان بین الاقوامی کرکٹ کو دوبارہ پٹری پر لانے کی تیاریاں جاری ہیں لیکن گیند پر تھوک کے استعمال پر پابندی کے سبب کرکٹ دو حصوں میں تقسیم ہوگئی ہے ۔ہندوستان کے سابق کپتان اور سابق لیگ اسپنر انل کمبلے کی زیر قیادت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تکنیکی کمیٹی نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر بالروں کے گیند پر تھوک کے استعمال پر پابندی عائد کردی تھی۔ تاہم کمیٹی نے گیند پر پسینے کے استعمال کی اجازت دی تھی۔دنیا کے سابق اور موجودہ بولرز تھوک پر پابندی کے بارے میں مختلف رائے رکھتے ہیں۔جن ممالک میں جہاں کھلاڑیوں نے تربیت شروع کردی ہے وہاں بولرز کو تھوک کے استعمال سے روک دیا گیا ہے ۔ زیادہ تر فاسٹ بالرز کا خیال ہے کہ اس سے تیز بالرز کے ہاتھوں سے سوئنگ اور ریورس سوئنگ جیسے ہتھیار ختم ہوجائیں گے ۔