تھیٹرس میں پارکنگ فیس وصول کرنے کی اجازت

   

حیدرآباد 20 نومبر ( سیاست نیوز ) ریاستی حکومت نے تھیٹرس ( سنیما گھرو ں )کے حدود میں پارکنگ فیس وصول کرنے کی اجازت دیدی ہے ۔ حکومت نے ایک جی او ایم ایس جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ی جانب سے تجارتی اداروں ‘ مالس اور ملٹی پلیکس میں پارکنگ فیس وصول نہ کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ تاہم حکومت کے علم میں یہ بات لائی گئی کہ جہاں سنیما گھر (تھیٹرس) موجود ہیں وہاں ایسے لوگ بھی اپنی گاڑیاں پارک کر رہے ہیں جو فلم بینی کیلئے نہیں آ رہے ہیں۔ ایسے میں گاڑیوں کی دیکھ بھال اور ان کی حفاظت ایک مسئلہ بن رہی ہے ۔ اس لئے حکومت نے اس مسئلہ کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد صرف سنیما گھروں (تھیٹرس ) میں پارکنگ فیس وصول کرنے کی اجازت دیدی ہے ۔ تاہم واضح کیا گیا ہے کہ ملٹی پلیکس میں اور تجارتی کامپلکس میں واقع تھیٹرس میں پارکنگ فیس وصول نہ کرنے کے احکام برقرار رہیں گے ۔ اس سلسلہ میں حکومت نے سابقہ احکام میں ترمیم کرتے ہوئے نئے احکام جاری کئے ہیں جن پر فوری اثر کے ساتھ عمل آوری ہوگی ۔