تھیٹرس میں 4 کے بجائے 5 شوز : سرینواس یادو

   

برقی بلز کی معافی اور پراپرٹی ٹیکس میں رعایت کا چیف منسٹر سے مشاورت کے بعد فیصلہ
حیدرآباد۔/10 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے تھیٹرس میں موجودہ 4 شوز کے بجائے اضافی طور پر 5 شوز کا اہتمام کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ تھیٹرس روزانہ 5 شوز کا مختلف اوقات میں اہتمام کرپائیں گے۔ ریاستی وزیر سنیما ٹو گرافی ایم سرینواس یادو نے فلمی صنعت سے متعلق مسائل پر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں تھیٹرس اور سنگل اسکرین اونرس کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ سرینواس یادو نے کہا کہ تھیٹر مالکین کے مسائل پر حکومت ہمدردانہ غور کرے گی اور برقی بلز کی معافی کے علاوہ پراپرٹی ٹیکس میں رعایت کا جلد فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت حیدرآباد کو فلم انڈسٹری کے مرکز میں تبدیل کرنے سنجیدہ ہے اور وہ پُرامید ہیں کہ سنگل ونڈو سسٹم کے ذریعہ فلمی صنعت کے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی ہو پائے گی۔ فلم تھیٹر مالکین کو درپیش مسائل سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو واقف کراتے ہوئے مسائل کا حل تلاش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلگو فلم انڈسٹری کو ترقی دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سنیما شوٹنگس کے معاملہ میں دشواریوں کو دور کرنے کیلئے اجازت کے حصول کا بہتر طریقہ کار سنگل ونڈو متعارف کیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران تھیٹرس کے بند ہونے سے مالکین مختلف مسائل کا شکار ہیں۔ وہ برقی بلز میں معافی اور پراپرٹی ٹیکس میں رعایت دینے کی مانگ کررہے ہیں۔ سرینواس یادو نے کہا کہ چیف منسٹر سے مشاورت کے بعد اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔