تہاڑ جیل حکام کو آج جواب داخل کرنے کی ہدایت

   

نربھئے کیس

نئی دہلی 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی عدالت نے تہاڑ جیل کے حکام کو ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے نربھئے کیس کے ایک مجرم کی جانب سے پھانسی کی سزا پر حکم التواء سے متعلق درخواست پر جمعہ کی صبح جواب داخل کرنے کے لئے کہا ہے۔ نربھئے کیس کے مجرمین کو یکم فروری کی صبح پھانسی دی جانی ہے۔ خصوصی جج اے کے جین نے تہاڑ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ جمعہ کی صبح 10 بجے تک اپنا جواب داخل کریں۔ مجرم ونئے کمار شرما کے وکیل اے پی سنگھ نے عدالت سے کہاکہ وہ پھانسی کی سزا پر عمل آوری کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردے کیوں کہ بعض مجرمین نے تاحال قانونی اختیارات کا استعمال نہیں کیا ہے۔ استغاثہ نے کہاکہ مجرم کی یہ درخواست انصاف کا مضحکہ اُڑانے کے مترادف ہے اور یہ محض تاخیر کرنے کے حربے کے سوا کچھ نہیں ہے۔