تہران میں چنگاڑ پیداکرنے والے گرینیڈ کا دھماکہ

   

تہران : ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے اطلاع دی ہے کہ ہفتہ کی صبح ایک پارک میں زوردار آواز پیدا کرنے والے دستی بم کا دھماکہ ہوا تھا مگر اس واقعہ میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا ہے۔ سرکاری ٹی وی کے رپورٹر نے بتایا ہے کہ اس طرح کا دستی بم تیز روشنی کے ساتھ پھٹتا ہے اور اس کی زوردار آواز پیدا ہوتی ہے۔ ایران کے شمال میں واقع ایک ہاسپٹل کی عمارت سے ملحقہ پارک میں یہ دستی بم پھٹا تھا۔تہران کے نائب گورنرحمید رضا گودرزی نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا ہے۔انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ ملت پارک کے اندر اس دھماکے کی تصدیق کی گئی ہے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا یہ کسی حملے کا نتیجہ ہے تو انھوں نے کہا کہ ہم اس واقعے کی مختلف پہلووں سے تحقیقات کررہے ہیں ،ہم اس کے بارے میں یقینی معلومات حاصل ہونے کے بعد جاری کریں گے۔ایران میں اس طرح عوامی مقامات میں دستی بموں یا گرینیڈوں سے حملے شاذونادر ہی ہوتے ہیں لیکن اس کی حساس فوجی اور جوہری تنصیبات کوحالیہ مہینوں کے دوران میں متعدد مرتبہ پراسرار حملوں میں نشانہ بنایا جاچکا ہے۔ایران اسرائیل کو اپنی جوہری تنصیبات اور جوہری پروگرام سے وابستہ سائنسدانوں پرحملوں کا مورد الزام ٹھہراتا ہے لیکن اسرائیل نے کبھی ایران کے ایسے الزامات کی نہ تو تصدیق کی ہے اور نہ تردید کی ہے۔