تہران : ریاست کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کے خلاف ہفتہ کو ایران کے دارالحکومت تہران میں ہندوستانی سفارت خانہ کے روبرو ایرانی طلبہ نے احتجاج کیا ۔ احتجاجی طلبہ نے ایرانی حکام سے کہا کہ وہ ایک بیان جاری کرے اور بی جے پی کے زیر قیادت کرناٹک حکومت کی جانب سے حجاب پر پابندی کے خلاف اقدامات کرے ۔ احتجاج کے دوران ایرانی طلبہ اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس بھی تھامے ہوئے تھے جس پر مسلم طلبہ کیلئے انصاف کا مطالبہ جیسے نعرے تحریر تھے ۔ احتجاجی ایرانی طلبہ کا کہنا تھا کہ حجاب پر پابندی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کے مترادف ہے ۔ احتجاجی طلبہ نے کہا کہ لباس کا انتخاب کرنا عالمی انسانی حقوق کے آرٹیکل 19 کے تحت اظہار خیال کی آزادی کا اہم حصہ ہے ۔ یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ کرناٹک حکومت نے پری یونیورسٹیز میں مسلم طالبات کے حجاب پر پابندی عائد کردی اور یہ مسئلہ ریاست کے ہائی کورٹ میں زیر دوراں ہے ۔ اس کی مختلف گوشوں سے مذمت کی جارہی ہے ۔۔