تہران، 18 جون (یو این آئی) ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے تازہ حملوں میں دارالحکومت تہران کے مختلف علاقوں میں دھماکے سنائی دے رہے ہیں۔اسرائیلی فوج نے ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ تازہ حملوں میں ایرانی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔جمعہ سے ایران پر حملوں کے آغاز سے اب تک 1100 ہدف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے جب کہ ایران نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے تل ابیب سمیت مختلف شہروں پر 400 سے زائد میزائل داغے ہیں۔روسی نیوز ایجنسی طاس اور واشنگٹن پوسٹ کے مطابق گزشتہ روز اسرائیلی وزیر اعظم کے مشیر دمتری گینڈل مین نے ایک بلیٹن میں کہا کہ ایران نے حالیہ کشیدگی کے دوران اسرائیل پر تقریباً 400 میزائل داغے ہیں۔