تہران کی فلسطین کو حمایت ، خامنہ ای اور ھنیہ کی ملاقات

   

تہران: ایرانی رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای نے حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ھنیہ سے ملاقات کی ہے۔ علی خامنہ ای نے کہا کہ تہران فلسطینی گروپوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ ایجنسی نے کہا کہ ملاقات میں غزہ اور مغربی کنارے کی تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علی خامنہ ای نے اسرائیل کا مقابلہ کرنے میں فلسطینی گروپوں کی حمایت کرنے کی ایران کی مستقل پالیسی پر زور دیا۔ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے اسلامی ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کی طرف سے سنجیدہ اقدام اور غزہ کے عوام کیلئے اسلامی حکومتوں کی جانب سے جامع اور عملی حمایت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے جمعہ کے روز کہا تھا کہ فلسطینی دھڑے اور خطے کے مختلف دھڑے اسرائیل کے ساتھ کسی بھی صورت حال کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔واضح رہے 7 اکتوبر کو حماس نے اسرائیل پر حملہ کیا تھا۔ جواب میں اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر مسلسل بمباری شروع کردی اور اپنے دسیوں ہزار فوجیوں کو زمینی کارروائی کیلئے متحرک کردیا۔ لڑائی کے 30 روز تک غزہ میں 9700 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔