تہران ۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) تہران کے سابق میئر محمد علی نجفی کو اپنی بیوی کے قتل میں عدالت نے سزائے موت سنائی ہے۔ حالیہ دنوں میں اس کیس کو ایران کے علاوہ دنیا بھر کی میڈیا میں زبردست کوریج دی گئی تھی۔ حالانکہ نجفی ایک اصلاح پسند شخص تصور کئے جاتے تھے تاہم انہیں اپنی دوسری بیوی مترا استاد کو 28 مئی کے روز گولی مار کر ہلاک کرنے کا مرتکب قرار دیا گیا تھا۔ ایرانی عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسمعیل نے یہ بات بتائی۔ ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق میئر کی بیوی کی نعش غسل خانے کے ٹب میں پائی گئی تھی جس کے بعد سابق میئر نے بھی اپنے اعتراف جرم میں مزاحمت سے کام نہیں لیا اور فوری طور پر اعتراف کرلیا تھا کہ انہوں نے اپنی بیوی کا قتل کیا ہے۔ سابق میئر اپنی سزائے موت کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کے مجاز ہیں۔
