کوویڈ قواعد پر 30 ستمبر تک توسیع، چند اضلاع میں کورونا کیسیس میں اضافہ پر تشویش کا اظہار
حیدرآباد ۔ 28 اگست (سیاست نیوز) ملک میں کورونا کیسیس کی تعداد میں پھر ایک مرتبہ اضافہ کا مرکزی حکومت نے سخت نوٹ لیا ہے۔ مرکزی محکمہ داخلہ کے سکریٹری اجئے بھلا نے تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریز کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تہواروں کے سیزن میں کورونا کے قواعد اور رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل آوری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ملک میں فی الحال عمل میں رہنے والے کوویڈ قواعد کو آئندہ ماہ 30 ستمبر تک توسیع کردی ہے۔ ملک میں کورونا کے کیسیس میں گذشتہ چند دنوں سے مسلسل کمی آرہی تھی مگر حالیہ چند دنوں کے دوران ملک کی چند ریاستوں میں کورونا کے کیسیس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت چوکس ہوگئی ہے اور ریاستوں کے علاوہ مرکز کے زیرانتظام علاقوں کیلئے خصوصی احکامات جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہیکہ عوام کو ایک مقام پر بھاری تعداد میں ہرگز جمع ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔ ہجوم والے علاقوں میں کوویڈ قواعد پر سختی سے عمل کیا جائے۔ ملک بھر میں کورونا کی وبا کنٹرول میں مگر چند ریاستیں آج بھی اس وباء سے شدید متاثر ہیں۔ چند اضلاع میں کورونا اور سرگرم کیسس کی تعداد میں زبردست اضافہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔ ایسے متاثرہ اضلاع میں کورونا وباء کو کنٹرول کرنے کیلئے مزید سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ واضح رہیکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 46,759 کورونا کے نئے کیسیس درج ہوئے ہیں۔ کورونا کو کنٹرول کرنے کیلئے اپنی جانب سے نئی حکمت عملی تیار کرنے کی چیف سکریٹریز کو ہدایت دی گئی ہے۔ تہواروں کے سیزن کے پیش نظر پانچ طریقوں کی منصوبہ بندی (ٹسٹ۔ ٹراک۔ ٹریٹ۔ ویکسینیشن۔ کوویڈ قواعد پر سختی سے عمل) کرنے پر زور دیا ہے۔ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے، ٹیکہ اندازی کی مہم میں شدت پیدا کرنے، ضرورت پڑنے پر مقامی سطح پر تحدیدات عائد کرلینے کا مشورہ دیا ہے۔