محبوب نگر میں امن کمیٹی کا اجلاس، ایڈیشنل ایس پی راملو کا خطاب
محبوب نگر۔/31 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایس پی جانکی دھراوت کی ہدایت پر 2 ٹاؤن سرکل انسپکٹر محمد اعجاز الدین کی جانب سے امن کمیٹی کا اجلاس الماس فنکشن ہال رامیا باؤلی میں منعقد ہوا۔ ایڈیشنل ایس پی راملو نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میلادالنبیؐ اور گنیش چتورتھی ایک ساتھ منعقد ہوں گے ۔ ان تقاریب کو آپسی بھائی چارگی اور ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرتے ہوئے منانے کی اپیل کی۔ انہوں نے دونوں مذاہب کے قائدین پر زور دا کہ وہ ذمہ دارانہ انداز میں تہواروں کے کامیاب اور پُرامن انعقاد کیلئے متحرک ہوجائیں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ ممکن ہو کہ گنیش وسرجن و میلاد جلوس ایک ہی دن ہوں اس لئے بہت زیادہ مستعدی کا ہمیں مظاہرہ کرنا ہے۔ ڈی ایس پی مسٹر وینکٹیشورلو نے کہا کہ محبوب نگر شہر امن و محبت کا شہر ہے یہاں کے عوام کے دلوں میں ایک دوسرے کیلئے محبت ہے۔ اجلاس سے سید سعادت اللہ حسین کونسلر ، مظہر حسین شہید، مرزا قدوس بیگ، محسن خان و دیگر ہندو برادری کے قائدین نے بھی مخاطب کیا۔ ایڈیشنل ایس پی نے پولیس کے وسیع بندوبست ، اضافی پٹرولنگ ٹیموں کی تشکیل کا تیقن دیا۔ اجلاس میں سید تقی الدین، عبدالہادی ایڈوکیٹ، افروز شاہ قادری، عبدالرشید مشتاق، محمد محبوب واصف شاہ قادری، الیاس مجاہد، تقی حسین تقی، حافظ ادریس کے علاوہ ون ٹاؤن ، ٹوٹاؤن کے ایس آئیز و دیگر عوام موجود تھے۔