تہواروں کو پرامن بنانے ایک دوسرے کا تعاون ضروری

   

غیرسماجی عناصرکیخلاف سخت کارروائی کا انتباہ ، ڈی ایس پی جیون ریڈی کا خطاب

عادل آباد۔ 24اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تنیش تہوار، میلادالنبیؐ اور نوراتری تہوار کے پیش نظر عادل آباد میں پرامن ماحول کے درمیان عید و تہوار منانے کی خاطر ہر ایک کو ایک دوسرے کا تعاون کرنا لازمی قرار دیتے ہوئے عادل آباد DSP جیون ریڈی نے غیرسماجی عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا بھی انہیں انتباہ دیا۔ انہوں نے عادل آباد ایس پی اکھل مہاجن کی ہدایت پر آج صبح 5 بجے سے مستقر عادل آباد کے محلہ KRK کالونی میں عوامی تحفظ اور سلامتی کی خاطر کمیونٹی رابطہ ’’محاصرہ اور تلاش‘‘ کارڈن سرچ کا انعقاد عمل میں لایا۔ جیون ریڈی کی قیادت میں 40 خاتون پولیس اہلکاروں کے بشمول 200 پولیس جوان سرکل انسپکٹر، سب انسپکٹرس نے حصہ لیا۔ اس گھر گھر تلاشی مہم میں بغیر دستاویزات والے 70 عدد موٹر سائیکل، 16 عدد آٹو رکشا اور ایک عدد کار کو پولیس نے جہاں ایک طرف اپنی تحویل میں لے لیا، وہیں دوسری طرف نارکوٹک ڈاگ روما کے تعاون سے 10 گرام خشک چرس اور تین عدد چرس کے ایک فٹ بلند پودے، 29 عدد شراب کی بوتل کو ضبط کرتے ہوئے ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ عادل آباد میں دن بہ دن بڑھتی ہوئی ٹریفک کے پیش نظر سواریاں جلانے والے افراد کو ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کا بھی مشورہ دیا۔ اس مہم میں سرکل انسپکٹر کے سوامی، بی سنیل کمار، کے ناگراج، کے فنیندر، پریم کمار، ڈی وینکٹی، ٹی مرلی، این چندر شیکھر کے علاوہ دیگر پولیس عہدیدار موجود تھے۔