تہواروں کو پرامن منانے کے اقدامات و انتظامات

   

افواہوں پر دھیان نہ دینے کی خواہش، نظام آباد میں امن کمیٹی اجلاس، کلکٹر کا خطاب

نظام آباد: 4/ستمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم، گنیش اتسو پرامن طور پر منائیں ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے آج کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں منعقدہ امن کمیٹی کے اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے عوام سے یہ بات کہی ۔اس اجلاس میں پولیس کمشنر کملیشور، مونسپل کمشنر مکرند اکے علاوہ دیگر محکموں کے عہدیدار امن کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے میلاد النبی، گنیش اتسو کے موقع پر کئے جانے والے انتظامات کا تفصیلی طور پر جائزہ لیا اور امن کمیٹی کے اراکین سے تجاویزات بھی حاصل کی۔ ضلع بھر میں جلوس میلاد النبی، گنیش اتسو ایک وقت پر آرہے ہیں لہذا ضلع انتظامیہ کی جانب سے سخت ترین اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ضلع بھر میں پرامن طور پرانعقاد عمل میں لانے کے لیے پولیس کی جانب سے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں بارش کے باعث گنیش منڈپ احتیاطی طور پر ڈالنے کی خواہش کی تاکہ شارٹ سرکٹ سے محفوظ رہ سکے۔ ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے دونوں طبقے کی عوام سے پرامن طور پر میلاد النبی، گنیش اتسو منانے کی اپیل کی ۔اس موقع پر پولیس کمشنر مسٹر کلمیشور نے بتایا کہ نظام آباد شہر میں 750 سی سی کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں اور اس کے ذریعے پورے عمل کا جائزہ لیا جائے گا ۔سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں پر توجہ نہ دینے کی خواہش کی۔ اگر اس طرح کوئی حرکت کی جاتی ہے تو اس کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا انتباہ دیا اور ایک دوسرے کے تعاون کرتے ہوئے تقریب کو منانے کی خواہش کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر کرن کمار۔ میونسپل کمشنر مسٹر مکرندا، ٹرینی کلکٹر انکیت کمار، ڈپٹی میر ادریس خان ،صدر جمعیت العلماء حافظ محمد لئیق خان، جماعت اسلامی کے شیخ حسین کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔