تہواروں کی خوشیاں بھائی چارگی کے ساتھ منائیں

   

مسلم بھائیوں کو رمضان کی مبارکباد، اے ایس پی نرمل راجیش مینا کی سیاست نیوز سے بات چیت
نرمل۔/28 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چند گھنٹوں میں رمضان المبارک کے مقدس مہینہ کا آغاز ہونے جارہا ہے جس کے لئے میں تمام مسلم بھائیوں کو اس ماہ مبارک کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ساتھ ہی تمام بھائیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اس ماہ میں عبادات کے ذریعہ ملک اور شہر نرمل کی پُرامن فضاء کو قائم رکھتے ہوئے اپنے علاقوں کی خوشحالی کے لئے دعا کریں۔ ان خیالات کا اظہار نرمل اے ایس پی راجیش مینا IPS نے سید جلیل ازہر کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ قبل ازیں نرمل کی معزز شخصیتوں کے ساتھ ایک امن کمیٹی کا اجلاس منعقد کرتے ہوئے مسائل سے واقفیت حاصل کی گئی۔ پولیس اپنی جانب سے تمام عبادت گاہوں کے پاس خصوصی پکیٹس قائم کرتے ہوئے وسیع تر انتظامات کررہی ہے تاہم شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی بھی اجنبی شخص کو اپنے علاقہ میں مشتبہ حالت میں گھومتا پھرتا دیکھیں تو پولیس کو اطلاع دیں۔ امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنا پولیس کا کام ہے، ساتھ ہی عوام کا تعاون بھی ضروری ہے۔ مسٹر مینا نے کہا کہ ایک دوسرے کے مذاہب کے تہواروں میں آپسی بھائی چارگی کو فروغ دیتے ہوئے مل جل کر خوشاں منانا چاہیئے یہی انسانیت کا پیغام ہے۔ مسٹر مینا نے بتایا کہ تہوار چاہے کسی بھی مذہب کا ہو ایک دوسرے کی خوشیوں میں شامل ہوتے ہوئے خوشیاں آپس میں بانٹنا چاہیئے۔ آج کے دور میں دوسروں کے دکھ درد کو محسوس کرتے ہوئے ان کے کام آنا ہی انسانیت کاد وسرا نام ہے۔ ہم بھی انسان ہیں ہمارے سینہ میں بھی ایک دھڑکتا ہوا دل ہے ہم بھی اپنے فرائض کو محسوس کرتے ہوئے تمام تر ذمہ داری کے ساتھ شہریوں کے امن و سکون کے لئے ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔ یہ بات ذہن میں رکھیں کہ پولیس آپ کی دوست ہے ، اگر امن وامان کو بگاڑنے کی کسی نے بھی کوشش کی تو رتبہ کچھ بھی ہو بہت سختی سے نمٹے گا، یہ بات ذہن میں رکھیں۔ رمضان کے پیش نظر خصوصی پولیس پارٹیاں تشکیل دیتے ہوئے سادہ لباس میں بھی پولیس پارٹیوں کو متحرک کردیا گیا ہے۔