تہواروں کے سیزن میں آر ٹی سی کو 111.91 کروڑ کی آمدنی

   

آوٹ سورسنگ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ، ٹکٹ خریدنے کیو آر کوڈ کے ذریعہ رقمی ادائیگی کی سہولت
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ آر ٹی سی کو بتکماں اور دسہرہ تہواروں کے دوران چلائی گئی خصوصی بسوں سے 10 دن میں 111.91 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل ہوئی ہے ۔ صرف پیر کو ایک ہی دن میں 14.79 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے ۔ آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر سجنار نے بتایا کہ تہواروں کے پیش نظر 8 تا 18 اکٹوبر تک 4600 خصوصی بسیں چلائی گئی تھی جس کے ذریعہ آر ٹی سی کو 111.91 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے ۔ آر ٹی سی کو بڑے پیمانے پر آمدنی حاصل کرنے کے لیے خدمات انجام دینے والے آر ٹی سی عہدیداروں ، سوپر وائزرس ، ملازمین ، ڈرائیورس ، کنڈاکٹرس ، اور میکانکس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اظہار تشکر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تہواروں سے قبل آر ٹی سی کی یومیہ آمدنی 9.71 کروڑ تھی جو اب بڑھ کر 10.71 کروڑ ہوگئی ہے ۔ خانگی شعبہ کے بہ نسبت آر ٹی سی بس ٹکٹ کی قیمتیں کم ہونے کی وجہ سے عوام نے آر ٹی سی بسوں میں سفر کرنے کو ترجیح دی ہے ۔ اس کے علاوہ تہواروں کے سیزن میں آر ٹی سی ٹکٹ کی شرح میں اضافہ نہ کرنا بھی آر ٹی سی کے لیے معاون و مددگار ثابت ہوا ہے ۔ منیجنگ ڈائرکٹر نے بتایا کہ 8 اکٹوبر سے پیر تک 2,80,84,000 مسافرین نے آر ٹی سی بسوں میں سفر کیا ہے ۔ ان 10 دن کے دوران روزانہ اوسطاً 25.54 لاکھ عوام نے آر ٹی سی بسوں کے ذریعہ سفر کیا ہے ۔ منیجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی سجنار نے آر ٹی سی کی آمدنی میں اضافہ ہونے کا خیر مقدم کیا اور آر ٹی سی میں آوٹ سورسنگ میں خدمات انجام دینے والے ایمپلائز کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں احکامات جاری کئے ۔ اور ان اضافہ شدہ تنخواہوں پر یکم نومبر سے عمل آوری ہوگی ۔ آر ٹی سی انتظامیہ نے مسافرین کو اور ایک سہولت فراہم کی ہے ۔ ٹکٹ خریدنے کے لیے حیدرآباد کے ( ایم جی بی ایس ) میں یو پی آئی ۔ کیو آر کوڈ کے ذریعہ رقمی ادائیگی کا موقع فراہم کیا جارہا ہے ۔ تجرباتی بنیاد پر 20 اکٹوبر سے ہی اس پر عمل آوری کا آغاز ہوگیا ہے ۔۔ ن