تہوار کیلئے آبائی مقامات کو روانہ ہونے والے عوام کو پولیس کے رہنمایانہ خطوط

   

حیدرآباد ۔ 21 اکٹوبر (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے تہوار کی تعطیلات منانے کے دوران عوام کو رہنمایانہ خطوط جاری کردیئے ہیں۔ سائبرآباد پولیس نے سرقہ اور ڈکیتی کی وارداتوں پر قابو پانے کیلئے اپنے انوکھے انداز میں تشہیر کا آغاز کردیا ہے اور اس مرتبہ پوسٹر اور آٹو رکھشاؤں کو اس تشہیر کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعہ بھی پولیس نے شہریوں کو چوکنا رہتے ہوئے اپنے سامان اور اشیاء کی خود حفاظت کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ سائبرآباد پولیس نے دسہرہ تہوار کیلئے آبائی مقامات جانے والے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی قیمتی اشیاء سونے چاندی کے زیورات کو مکانات کے بجائے بینک کے لاکرس میں محفوظ کروالیں۔ مکانات کو محفوظ سیکوریٹی سسٹم سے آراستہ کریں۔ سائرن اور آلارم سسٹم کو نصب کریں۔ سنسر آلات کی تنصیب کے ساتھ ساتھ مکانات میں سی سی ٹی وی کیمروں کو نصب کریں اور آن لائن ان کیمروں کو جوڑ دیں تاکہ کسی بھی مقام سے اپنے مکان کا جائزہ لیا جاسکے۔ مکان کو قفل ڈال کر اس کی اطلاع پولیس کو دیں۔ کالونیوں میں اجنبی افراد کی نقل و حرکت سے پولیس کو چوکنا کریں۔ ڈائل 100 پر اطلاع فراہم کریں۔ مکان کی الماریوں، لاکرس اور کبوڈس کی چابیوں کو عام مقامات پر نہ رکھیں بلکہ خفیہ مقامات پر رکھیں۔ چپل جوتے کے ڈبوں، بیڈ کے نیچے، دروازے کے اوپر، ڈریسنگ ٹیبل جیسے عام مقامات پر چابیوں کو رکھنے سے گریز کریں اور نیز پیپر اور دودھ والوں کو مکان میں واپسی تک سرویس دینے سے منع کردیں۔ مکان کے صدر دروازہ پر قفل ڈالنے کے بعد دروازہ پر پردہ کا اہتمام کریں تاکہ باہر سے کسی کو قفل دکھائی نہ دیں۔ اس کے علاوہ بھروسہ مند پڑوسیوں کو ہی مکان سے باہر جانے کی اطلاع دیں۔ بھروسہ مند چوکیدار سے خوشگوار تعلقات رکھیں اور بالخصوص چھٹیوں اور سیر و تفریح کی اطلاعات اور تصاویر کو سوشل میڈیا پر تشہیر نہ کریں جس سے آپ کی غیرموجودگی کا علم ہوسکے۔
پولیس نے ان تمام پر احتیاطی اقدامات کو اولین ترجیح دینے کی شہریوں سے درخواست کی ہے۔ع