عہدیداروں کے ساتھ ریاستی وزیر وینکٹ ریڈی کا اجلاس، ٹریفک جام سے بچاؤ کیلئے خصوصی اقدامات کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 30۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے سنکرانتی تہوار کے دوران قومی شاہراہوں پر ٹریفک کے بہتر بہاؤ کو یقینی بنانے کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ محکمہ آر اینڈ بی کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں وینکٹ ریڈی نے کہا کہ سابق کے تجربات کو پیش نظر رکھتے ہوئے گاڑ یوں کی آمد و رفت میں رکاوٹ کو دور کرنے کے اقدامات کئے گئے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی بھی چاہتے ہیں کہ تعطیلات کے دوران عوام کو کوئی دشواری نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد تا وجئے واڑہ قومی شاہراہ پر 8 جنوری سے گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ روزانہ تقریباً ایک لاکھ گاڑیاں وجئے واڑہ روانہ ہوں گی۔ وینکٹ ریڈی نے تمام متعلقہ محکمہ جات کو بہتر تال میل کے ذریعہ ٹریفک نظام بہتر بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ توپران پیٹ ، عبداللہ پور میٹ کے علاوہ ایل بی نگر ، ونستھلی پورم اور حیات نگر کے علاقوں میں گاڑیوں کی بہتر آمد و رفت کی حکمت عملی تیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی علاقہ میں ٹریفک جام سے عوام کو دشواری نہ ہو۔ وینکٹ ریڈی عہدیداروں سے کہا کہ تہوار کے دوران سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائے اور تعمیری اور مرمتی کام بھی موخر کئے جائیں۔ انہوں نے سڑکوں پر موجود عمارتوں کے ملبہ کو فوری ہٹانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں مرمتی کام جاری ہے، انہیں دن رات کام کرتے ہوئے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے سڑکوں پر عوام کی رہنمائی کے لئے بورڈس آویزاں کرنے کی ہدایت دی۔1