پٹنہ: اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے بہار پبلک سروس کمیشن کے 70ویں پریلیمنری امتحان میں امیدواروں کی پریشانیوں کے تعلق سے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو خط لکھ کر جلد حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ یادو نے بدھ کو وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو لکھے اپنے خط میں کہا، “میں یہ خط بہار پبلک سروس کمیشن کے 70ویں کمبائنڈ پریلیمنری امتحان میں امیدواروں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے لکھ رہا ہوں۔ کمیشن کے سرور میں خرابی کی وجہ سے فارم بھرنے کی آخری تاریخ سے 2-3 دن پہلے سرور ٹھیک سے کام نہ کرنے کی وجہ سے لاکھوں امیدوار فارم بھرنے سے محروم رہ گئے تھے جو کہ ان کے مستقبل اورمسلسل محنت کیلئے ایک دھچکا ہے ۔ خود اپنی ہی ناکامی کیلئے کمیشن کے ذریعہ فارم بھرنے میں ناکام رہنے والے امیدواروں کو ہی اس کے برعکس غیرسنجیدہ قرار دے دینا افسرشاہی کے غرور اور آمریت کو ظاہر کرتا ہے ۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اس کے علاوہ امیدواروں اور والدین کو ابھی تک یہ اطلاع نہیں مل سکی ہے کہ کمیشن جنرلائزیشن یا نارملائزین لاگو کرے گا یا نہیں۔ فرام بھروانے کے بعد بھی امیدواروں کو اب تک امتحانی طریقہ کار کا مکمل علم نہیں ہے۔