پٹنہ، 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنتا دل متحدہ (جے ڈی یو) نے بہار میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) قیادت والے مھاگٹھ بندھن کے اتحادیوں میں نشستوں کی دعویداری کو لے کر مچے گھمسان کے درمیان آر جے ڈی لیڈر تیجسوی پرساد یادو پر طنز کرتے ہوئے آج کہا کہ ان کے تکبر نے مھاگٹھ بندھن کو بکھراؤ کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ۔جے ڈی یو کے ترجمان راجیو رنجن پرساد نے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ کل تک قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کے ٹوٹ جانے کا دعوی کرتے تھے ، آج اپنے گھر میں لگی آگ کو بجھانے کی پوزیشن میں بھی نہیں ہیں۔ پرساد نے کہا کہ اپنے تکبر ، گھمنڈ اور ناتجربہ کاری کی وجہ سے آر جے ڈی اور مبینہ مھاگٹھ بندھن کے سینئر لیڈروں سے بڑھ رہی بے تعلقی کو تیجسوی پاٹنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ۔ اس کی وجہ سے ان کے ساتھیوں میں بھی گہری ناراضگی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یادو کے غرور کے سبب مھاگٹھ بندھن بکھراؤ کے دہانے پر پہنچ چکا ہے ۔