بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج پر عدالت سے رجوع ہونے پر بھی غور
پٹنہ۔17؍نومبر ( ایجنسیز )راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کی میٹنگ میں آج تیجسوی یادو کو مقننہ پارٹی کا لیڈر منتخب کر لیا گیا۔ تیجسوی کی رہائش پر منعقد ہ اس میٹنگ میں لالو پرساد یادو اور رابڑی دیوی بھی موجود تھیں۔ تیجسوی شروع میں قانون ساز پارٹی کا لیڈر بننے کو راضی نہیں تھے لیکن سبھی نے متفقہ رائے سے تیجسوی کو اپنا لیڈر منتخب کیا۔موصولہ اطلاع کے مطابق بہار اسمبلی انتخاب میں شرمناک شکست کے بعد آج تیجسوی نے سینئر آر جے ڈی لیڈران کے ساتھ میٹنگ کی جو کہ تقریباً 4 گھنٹوں تک چلی۔ میٹنگ میں رکن اسمبلی آلوک مہتا نے کہا کہ انتخاب میں دھاندلی ہوئی ہے اسی لیے ایسا حیران کرنے والا نتیجہ برآمد ہوا۔ آر جے ڈی لیڈر رامانوج یادو نے مطلع کیا کہ میٹنگ میں ہر ایک لیڈر سے بات چیت کی گئی۔ رپورٹ کارڈ دیکھا گیا۔ اس کے ساتھ ہی انتخابی نتائج کو لے کر عدالت جانے پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔ اس سلسلے میں مہاگٹھ بندھن کے قائدین سے بھی رائے لی جائے گی۔آج ہوئی میٹنگ میں آر جے ڈی لیڈران و کارکنان کو یہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی کہ پارٹی کو کس طرح متحد رکھا جائے۔ کسی نے بھی لالو فیملی میں پیدا تنازعہ پر کچھ بھی نہیں کہا۔