پٹنہ۔2؍اگست ( ایجنسیز) بہار کے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کا نام نئی ووٹر لسٹ میں نہیں ہے۔ اس کا جواب دیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے تیجسوی یادو کا نام ووٹر لسٹ میں دکھایا ہے۔ الیکشن کمیشن نے بھی بیان جاری کیاجس میں کہا گیا کہ میڈیا کے ذریعہ معلوم ہوا ہے کہ قائد حزب اختلاف تیجسوی پرساد یادو کا نام خصوصی نظر ثانی کے مسودہ ووٹر لسٹ میں نہیں ہے۔ اس سلسلے میں ضلع انتظامیہ پٹنہ نے تحقیقات کی۔ اس میں واضح ہو گیا ہے کہ قائد اپوزیشن کا نام ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں درج ہے۔ فی الحال ان کا نام پولنگ اسٹیشن نمبر 204، بہار اینیمل سائنس یونیورسٹی کی لائبریری بلڈنگ، سیریل نمبر 416 پر درج ہے۔ اس سے قبل ان کا نام بہار اینیمل سائنس یونیورسٹی لائبریری بلڈنگ، پولنگ اسٹیشن نمبر 171، سیریل نمبر 481 میں درج تھا۔آپ کو بتا دیں کہ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے پریس کانفرنس کی تھی جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بہار کی نئی ووٹر لسٹ میں ان کا نام نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی اہلیہ کا نام بھی نہیں ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے خصوصی نظر ثانی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو شدید نشانہ بنایا۔ اس پر الیکشن کمیشن نے فوری ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان کا نام ووٹر لسٹ میں دکھادیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی نئی ووٹر لسٹ پر سوال اٹھاتے ہوئے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے کہا تھا کہ ہمارا نام نئے ڈرافٹ میں بھی نہیں ہے، آئی پی آئی سی نمبر داخل کرنے پر کوئی ریکارڈ نہیں دکھا رہا ہے۔ میں نے ایس آئی آر میں فارم بھرا تھا۔ فکر یہ ہے کہ میں اب الیکشن کیسے لڑوں گا، الیکشن لڑنے کیلئے شہری ہونا ضروری ہے۔ میں نے BLO کو فارم بھر کر دیا تھا۔ تیجیسو نے اپنے ملازمین کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ خاندان میں دو کا نام شامل ہوا اور ایک کا نام کاٹ دیا گیا۔