تیجسوی یادو کی لہر میں نتیش کمار بہہ جائیں گے ؟

,

   

پٹنہ : آر جے ڈی کے تیجسوی یادو بہار اسمبلی انتخابات میں رگھو پور حلقہ سے مقابلہ کررہے ہیں۔ وہ بی جے پی کے ستیش کمار کے خلاف میدان میں ہیں۔ تیجسوی یادو کے انتخابی جلسوں میں عوام کے ہجوم کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جارہا ہے کہ بہار اسمبلی انتخابات مخالف حکومت بنیاد پر ہونے جارہے ہیں۔ تیجسوی یادو کی لہر میں نتیش کمار کے بہہ جانے کا امکان ہے۔ تیجسوی یادو اپنی چیف منسٹر کی دعویداری کو یقینی بنانے کیلئے دن رات محنت کررہے ہیں۔ وہ بہار کے ہر حلقہ میں مہم چلا رہے ہیں۔ 31 سالہ تیجسوی یادو، لالو پرساد یادو کے چھوٹے بیٹے ہیں۔ کانگریس کی زیرقیادت قائم مہا گٹھ بندھن کے چیف منسٹر امیدوار تیجسوی یادو کانگریس اور بائیں بازو پارٹی کے امیدواروں کیلئے بھی جلسہ منعقد کررہے ہیں۔ تیجسوی یادو کے اصل حریف، بی جے پی کے ستیش کمار ہیں جنہوں نے 2010ء کے ریاستی انتخابات میں رابڑی دیوی کو شکست دی تھی، تاہم وہ 2015ء میں تیجسوی یادو سے شکست کھا گئے تھے ۔