تیج لال بھارتی کا اعظم خاں کی رہائی پر اظہار مسرت

   

نئی دہلی، 23 ستمبر (یواین آئی) حکیم اجمل خاں فورم فار پیس اینڈ کمیونل ہارمنی کے قومی صدر تیج لال بھارتی اور جنرل سکریٹری ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے مشترکہ بیان جاری کرکے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا ہے کہ قائد ملت محمد اعظم خاں کو 23 ماہ بعد جیل سے رہائی مل چکی ہے ۔ حکیم اجمل خاں فورم فار پیس اینڈ کمیونل ہارمنی کی ایک ریلیز کے مطابق گاندھیائی نظریہ کے حامی لیڈر اور بچوں کا گھر دریاگنج، نئی دہلی کے چیرمین تیج لال بھارتی نے کہا کہ بڑا کام کرنے والے ہمیشہ آزمائے گئے ہیں اور وہ کامیاب بھی ہوئے ۔ اسی طرح محمد اعظم خاں کو مختلف سطحی اور جھوٹے کیس میں پھنساکر جیل میں ڈال دیا گیا تھا۔ بالآخر انہیں جیل سے رہائی ملی۔ تیج لال بھارتی نے مزید کہا کہ ملک کی عدلیہ کی وجہ سے بہت سارے بے گناہ لوگ آزاد ہو رہے ہیں اور ہمارے ملک کا سکیولر کردار بھی اسی وجہ سے بحال ہے ۔ البتہ کچھ لوگ اپنا تنگ نظریہ ملک پر تھوپنا چاہتے ہیں۔ لیکن ملک کی اکثریت انہیں مسترد کرتی ہے کیونکہ عوام ہماری قوم کے عظیم قائد مہاتما گاندھی، پنڈت جواہر لعل نہرو اور مولانا ابوالکلام آزاد وغیرہ کے سکیولر نظریہ پر یقین رکھتے ہیں۔