تیراکی سیکھنے والوں کو درکار کوچنگ دستیاب نہیں

   

تجربہ کار کوچ کی تعیناتی ضروری ، سرپرستوں کی جانب سے سنگاریڈی یوتھ آفیسر سے نمائندگی
سنگاریڈی ۔7 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگاریڈی میں سوئمنگ کوچ کے تقرر کا مطالبہ کرتے ہوے تیراک اور اُن کے والدین نے آج ڈی ایس اے آفس سنگاریڈی میں جناب قاسم بیگ ڈسٹرکٹ یوتھ ویلفیر آفیسر ضلع سنگاریڈی سے ملاقات کی اور محضر پیش کیا۔ وفد نے جناب قاسم بیگ کو بتایا کہ سنگاریڈی ٹاؤن کے راجیو پارک میں واقع سوئمنگ پول میں سوئمنگ کوچ نہیں ہونے کی وجہ سے تیراکی کرنے والوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انھوں نے نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ سوئمنگ پول میں روزانہ کئی طلباء اور نوجوان تیراکی سیکھنے آتے ہیں لیکن انہیں تربیت دینے کے لیے کوچ نہ ہونے کی وجہ سے مناسب رہنمائی نہیں مل رہی ہے۔ تیراکی میں ہنر دکھانے اور قومی اور ریاستی سطح کے مقابلوں میں حصہ لینے والے تیراک روزانہ یہاں پریکٹس کر رہے ہیں لیکن اُنھیں درکار کوچنگ دستیاب نھیں ہے۔ جس کی وجہ سے سنگاریڈی کے ابھرتے ہوے تیراک اپنی صلاحیتوں کا بھر پور استعمال کرنے سے قاصر ہے۔ مستقبل میں اعلیٰ سطح تک پہنچنے کے لیے تجربہ کار کوچ کی ضرورت ہے۔ اس تناظر میں، انہوں نے DYSO جناب قاسم بیگ سے کہا کہ وہ فوری طور پر ایک قابل سوئمنگ کوچ کا تقرر کریں۔ جناب قاسم بیگ نے نمائندگی کی بغور سماعت کی اور مثبت جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ یہ معاملہ اعلیٰ حکام کی توجہ میں لائیں گے اور سوئمنگ کوچ کی تعیناتی کے لیے فوری اقدامات کریں گے۔ اس وفد میں تیراک کے والدین محمد صدیق، محمد پرویز، پنتولو ہری شرما، مسعود امتیاز احمد خان، اجے، سنتوش، محمد افروز اور دیگر موجود تھے۔