حیدرآباد ۔ 29 ڈسمبر (سیاست نیوز) تیراکی کے دوران دو کم عمر طلباء غرقاب ہوگئے۔ اپل پولیس کے بموجب 14 سالہ منوہر اور اس کا ساتھی 13 سالہ ریونت جو خانگی اسکول کے طالب علم تھے اور شانتی نگر کے ساکن تھے۔ آج اتوار ہونے کی وجہ سے دونوں نے ایچ ایم ڈی اے لے آؤٹ میں موجود اراضی پلاٹس میں موجود ایک پانی کے کنٹہ میں تیراکی کیلئے پہنچے تھے اور غرقاب ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ ریئل اسٹیٹ ادارہ کی جانب سے تعمیری کام کیلئے بڑے کھڈے کھودے گئے تھے اور جس کے نتیجہ میں پانی جمع ہوگیا تھا۔ آج شام 4 بجے مذکورہ طالب علم تیراکی کیلئے پہنچے تھے اور اچانک غرقاب ہوگئے۔ ایک مزدور نے دونوں کم عمر نوجوانوں کو پانی میں غرقاب ہوتا ہوا دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی اور کچھ ہی دیر میں پولیس نے بچوں کی نعشوں کو پانی سے باہر نکالا۔ اپل پولیس نے ریئل اسٹیٹ ادارہ اور اس کے انتظامیہ کے خلاف لاپرواہی کا ایک مقدمہ درج کرلیا ہے کیونکہ تعمیری کام کیلئے کھودے گئے کھڈوں کو لاپرواہی سے کھلا چھوڑ دیا گیا۔ کم عمر نوجوانوں کی نعشوں کو گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا گیا ہے۔