پیرس۔ ٹوکیو 2020 گیمز میں برونز میڈل جیتنے والے ہرویندر سنگھ نے مردوں کے انفرادی ریکریو اوپن میں گولڈ میڈل جیت کر ہندوستان کے لیے تاریخ رقم کی، وہ پیرا اولمپک گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ہندوستانی نشانہ باز بن گئے۔ مسلسل اور شاندار کارکردگی کے ساتھ تین سال پہلے ٹوکیو پیرا اولمپک گیمزکے ایونٹ میں برونز میڈل جیتنے والے ہرویندر سنگھ نے یہاں فائنل میں پولینڈ کے لوکاس سیسیک کو 6-0 سے شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہرویندر پیرا اولمپکس اور اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے اور واحد ہندوستانی تیر انداز بن گئے۔ وہ پیرالمپکس کے لگاتار ایڈیشنز میں میڈلس حاصل کرنے والے پہلے اور واحد تیر انداز بھی ہیں۔ ہرویندرکے گولڈ میڈل نے پیرس میں چار گولڈ، آٹھ سلور اور 10 برونزکے ساتھ ہندوستان کے میڈلس کی تعداد 22 تک پہنچا دی ہے۔ اس طرح ہندوستان میڈلس کی صف بندی میں 15ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ ہرویندرکا گولڈ اس وقت آیا جب سچن کھلاری نے پہلے دن میں سلور میڈل جیتا۔ گولڈ میڈل میچ میں ہرویندر نے شاندار مظاہرہ کیا۔ ہریانہ کے کیتھل کے ایک کسان کے خاندان سے تعلق رکھنے والے ہرویندر نے دو10 کے ساتھ گولڈ میڈل پر مہر ثبت کی ۔ اس سے پہلے ہرویندر نے پیرالمپکس گیمز میں مسلسل دوسرا میڈل یقینی بنایا تھا کیونکہ انہوں نے چہارشنبہ کو یہاں سیمی فائنل میں ایران کے امیری محمد رضاکو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ 33 سالہ ہرویندر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد ایرانی کھلاڑی کو7-3 سے حیران کرکے پیرالمپکس گیمز کے پہلے فائنل میں جگہ بنائی۔ اس سے پہلے ہرویندرجنہوں نے ٹوکیو پیرا اولمپک گیمز میں سیمی فائنل میں شکست کے بعد برونز میڈل جیتا تھا، کوارٹر فائنل مقابلے میں کولمبیا کے جولیو رامیریز ہیکٹر کو 6-2 سے شکست دی۔