تیز رفتار کار بے قابو ہونے سے حادثہ ایک ہلاک ، دو افراد زخمی

   

حیدرآباد : /25 اگست (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ نارسنگی میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں ایک ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک تیز رفتار بے قابو کار کے سبب حادثہ پیش آیا ۔ تیز رفتار کار نے مخالف سمت سے آرہے ایک ٹاٹا ایس آٹو کو ٹکر دے دی اس حادثہ کے سبب علاقہ میں گھنٹوں ٹریفک جام ہوگئی ۔ سڑک سے حادثہ کا شکار گاڑیوں کو ہٹانے میں پولیس کو کافی مشقت کا سامنا کرنا پڑا ۔ جس کے سبب گھنٹوں ٹریفک جام ہوگیا ۔ پولیس نارسنگی کے مطابق متوفی شخص کی شناخت 31 سالہ اوپندر کی حیثیت سے کرلی گئی ہے جبکہ پرکاش اور اروند شدید زخمی بتائے گئے ہیں جن کی حالت تشویش ناک ہے ۔ کار آٹو سے ٹکرانے کے بعد ڈرائیور اوپندر برسرموقع ہلاک ہوگیا اور کار میں سوار افراد فرار ہوگئے ۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ نشہ کی حالت میں ہونے کے سبب کار کی وجہ سے حادثہ پیش آیا ۔ پولیس نارسنگی نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔