حیدرآباد : /28 نومبر (سیاست نیوز) این ٹی آر پارک کے قریب آج اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک تیز رفتار کار توازن کھوکر حسین ساگر جھیل میں جاگری ۔ یہ واقعہ صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آیا ۔ حالانکہ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے لیکن تیز رفتارسے کار چلانے والے تین نوجوان زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق ستویک نے چار دن قبل نئی کریٹا کار خریدی تھی اور آج صبح افضل گنج میں واقع ایک ٹفن سنٹر پر ناشتہ کرنے اپنے دو دوست نتن اور کارتک ساکن خیریت آباد کے ہمراہ جارہے تھے اور این ٹی آر پارک کے قریب سے بے راہ روی سے گاڑی چلارہے تھے کہ ڈرائیور نے توازن کھو دیا اور حسین ساگر جھیل کی ریلنگ کو توڑتی ہوئی پانی میں جاگری ۔ اس حادثہ کے بعد وہاں سے گزرنے والے افراد کار کو دیکھنے کیلئے جمع ہوگئے اور پولیس کنٹرول روم کو بھی اطلاع دی ۔ جس پر سیف آباد ٹریفک پولیس سے وابستہ ایک ٹیم کرین کے ساتھ وہاں پہنچ گئی اور ایک گھنٹے کی کوششوں کے بعد کار کو پانی سے باہر نکالا گیا ۔ حادثہ اتنی شدت کا تھا کہ حسین ساگر جھیل کی ریلنگ کار میں پھنس گئی تھی اور اگلا حصہ بشمول کار انجن مکمل طور پر تباہ ہوگیا ۔ پولیس نے زخمی نوجوانوں کو کارپوریٹ دواخانہ منتقل کیا اور اس سلسلہ میں لاپرواہی کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔