تیز رفتار 6 کاریں آپس میں ٹکرا گئیں

   

حمایت ساگر آؤٹر رنگ روڈ پرحادثہ، 2 کیلو میٹر تک ٹریفک جام
حیدرآباد : /5 اکٹوبر (سیاست نیوز) آؤٹر رنگ روڈ پر آج پیش آئے ایک حادثہ میں 6 تیز رفتار کاروں کی ٹکر ہوگئی ۔ حمایت ساگر سے گزرنے والی آؤٹر رنگ روڈ پر آج دوپہر ایک کار پہلے حادثہ کا شکار ہوئی جس کے بعد سلسلہ وار مزید 5 کاریں عقبی سمت سے ایک دوسرے کو ٹکرا گئی ۔ اس حادثہ کے بعد آوٹر رنگ روڈ پر تقریباً دو کیلو میٹر دور تک ٹریفک جام رہی ۔ اس حادثہ میں کوئی بھی زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے چونکہ تقریباً ڈرائیورس سیٹ بیلٹ لگائے ہوئے تھے اور وقت پر ایئر بیاگس کھل گئے ۔ اس حادثہ کے بعد سائبرآباد پولیس اور ٹریفک پولیس عملہ پہنچ کر حادثہ کا شکار ہونے والے کاروں کو وہاں سے بذریعہ کرین منتقل کیا اور اس سلسلہ میں ایک مقدمہ بھی درج کرلیا ہے ۔ دوسری طرف دسہرہ تہوار کی تعطیلات کے بعد وجئے واڑہ ہائی وے پر بھاری ٹریفک جام دیکھی گئی ۔ تعطیلات کے دوران حیدرآباد تا وجئے واڑہ جانے والے افراد اتوار کو شہر واپس لوٹنے پر تمام ٹول گیٹس پر گاڑیوں کی قطاریں دیکھی گیئں ۔ جس کے نتیجہ میں ٹریفک کا بہاؤ متاثر رہا ۔ (ب)