تیز ہوا سے کوہیڈہ فروٹ مارکٹ شیڈس اڑگئے

   

Ferty9 Clinic

بعض تاجر اور مزدور زخمی ۔ وزیر زراعت کا اظہار افسوس
حیدرآباد 4 مئی (سیاست نیوز) کوتہ پیٹ فروٹ مارکٹ سے حالیہ دنوں عبداللہ پور میٹ کے کوہیڈہ میں منتقل کی نئی فروٹ مارکٹ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے نتیجہ میں کئی شیڈس اُڑ گئے اور 26 تاجرین و مزدور زخمی ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ کوہیڈہ میں نئی فروٹ مارکٹ میں ناقص شیڈس نصب کئے گئے تھے جس کے نتیجہ میں تیز ہوائیں چلنے پر اُڑ گئے۔ شیڈس اُڑنے سے کئی تاجرین اور حمال بھی زخمی ہوگئے۔ تیز ہوا چلنے کے نتیجہ میں لاری بھی اُلٹ گئی۔ اِس واقعہ کے بعد نئی مارکٹ میں افراشششتفری مچ گئی اور مارکٹ کے شہر سے انتہائی دور ہونے سے زخمیوں کو فوری دواخانہ منتقل کرنے کی سہولت بھی نہیں تھی۔ آہنی سلاخیں تاجروں پر گرنے سے اُنھیں گہرے زخم آئے۔ وزیر زراعت مسٹر نرنجن ریڈی نے کہاکہ کوہیڈہ فروٹ مارکٹ کا واقعہ غیر متوقع ہے اور تاجرین زخمی ہونا افسوسناک ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کوہیڈہ میں صرف آم فروخت کئے جارہے ہیں اور روزآنہ 600 سے زائد لاریاں مارکٹ پہونچتی ہیں۔ واضح رہے کہ گڈی انارم کوتہ پیٹ فروٹ مارکٹ کو کوویڈ ۔ 19 کے بہانے حکومت نے سنیٹائز کرنے کا اعلان کرکے مقفل کردیا اور یہ اعلان کیاکہ نئی فروٹ مارکٹ کوہیڈہ منتقل کردی گئی ۔ حکومت کے اِس اقدام سے کئی تاجرین اُلجھن کا شکار ہوگئے اور اُنھیں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ کوتہ پیٹ مارکٹ کے تاجرین نے کہاکہ اِس اقدام سے ماہ رمضان میں کاروبار متاثر ہوگیا۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ اپنے فیصلہ نظرثانی کرے چونکہ تاجرین اور مزدوروں کو شہر سے 25 کیلو میٹر دور آمد و رفت میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔