نئی دہلی : سپریم کورٹ نے تیستا سیتلواد کو بڑی راحت میں آج ریگولر ضمانت دیدی۔ اس سے پہلے یکم جولائی 2023 کو گجرات ہائی کورٹ نے سیتلواد کی ضمانت عرضی مسترد کر دی تھی اور انہیں فوری طور پر خودسپردگی کی ہدایت دی تھی، جس کے خلاف تیستا نے سپریم کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔ ایسے میں سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے حکم کو منسوخ کرتے ہوئے ان کی ضمانت منظور کرلی۔ اس کے ساتھ ہی سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ سیتلواد اس معاملے میں گواہوں کو متاثر کرنے کی کوئی کوشش نہیں کریں گی اور ان سے دور رہیں گی۔ گجرات ہائی کورٹ نے سیتلواد کی باقاعدہ ضمانت کی عرضی کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی تھی کہ وہ گودھرا سانحہ کے بعد کے فسادات میں بے قصور لوگوں کو پھنسانے کیلئے ثبوت گھڑنے کے معاملے میں فوری طور پر خودسپردگی کریں۔ ہائی کورٹ کے اس حکم کے خلاف تیستا فوراً سپریم کورٹ سے رجوع ہوئی تھی۔