تیسرا ٹی 20،ہندوستانی ٹیم میں تبدیلی کا امکان نہیں

   

Ferty9 Clinic

ہیملٹن ۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ویراٹ کوہلی کی قیادت میں نیوزی لینڈ دورے پر ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ ابتدائی دو میچ جیت کر پانچ ٹی 20 میچوں کی سیریز میں ٹیم نے 0-2 کی سبقت حاصل کرلی ہے اور اب چہارشنبہ کو ہندوستانی ٹیم ہیملٹن میں سیریز اپنے نام کرنے کے ارادے سے میدان پر اترے گی، جس کے بعد ایک ہی سوال آرہا ہے کہ کیا ہیملٹن کے وکٹ کو دیکھتے ہوئے کوہلی ٹیم میں تبدیلی کریں گے یا پھر فاتح ٹیم کو ہی برقرار رکھیں گے۔ دوسرا ٹی 20 جیتتے ہی کوہلی نے تیسرے ٹی 20 میچ کے لئے ٹیم کے توازن پراشارے دے دیئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی واضح ہوگیا ہے کہ چینائی سوپرکنگس کے شاردل ٹھاکر بھی میدان پر اتریں گے۔ ویراٹ کوہلی نے کہا کہ ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور موجودہ ٹیم دو میچ جیت چکی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اس بات کو اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیم مضبوطی کے ساتھ واپسی کرسکتی ہے اورہندوستانی ٹیم اس چیلنج کے لئے بھی تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیملٹن کے میدان کی لمبائی – چوڑائی آکلینڈ کے مقابلے کافی اچھی ہوگی۔ کوہلی نے کہا کہ جب آپ کے پاس اس طرح کی بہترین کارکردگی والی ٹیم ہو تو یہ مدد بھی کرتی ہے۔ کوہلی نے اشارے دیئے ہیں کہ تیسرے ٹی 20 میچ میں وہ اپنی فاتح ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کریں گے۔ شاردل ٹھاکرکو چھوڑ کر ہندوستانی بولرس اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ باقی بولروں نے خوبصورتی کے ساتھ اپنی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ جسپریت بمراہ اور رویندر جڈیجہ دونوں کوہلی کے بڑے ہتھیار ہیں۔کوہلی نے دوسرے ٹی20 میچ میں ملی کامیابی کے بعد بولروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جس لائن اور لینتھ پر نے گیند بازی کی، اس نے میچ پر کنٹرول بنائے رکھا۔ ہم نے میچ میں وکٹ کے ایک ہی طرف بولنگ کی اور جو حکمت عملی بنائی تھی، اس پر بولنگ کی۔ ٹیم کے طور پر یہ شاندار رہا۔ انہوں نے کہا کہ بولروں کی مدد سے ہم نیوزی لینڈ جیسی مضبوط ٹیم کو کم اسکور پر روکنے میں کامیاب رہے۔