’تیسری عالمی جنگ شروع ہوجائے گی اگر… ‘: یوکرینی صدر

   

Ferty9 Clinic

کیف : یوکرینی صدر زیلنسکی نے خبر دار کیا ہے کہ اگر یوکرین اور روس کی جنگ مزید شدت اختیار کرتی ہے تو یہ تیسری عالمی جنگ کی صورت اختیار کرلے گی۔ انہوں نے جرمنی سے لے کر امریکہ تک متعدد ملکوں سے مزید امداد کی اپیل بھی کی ہے۔ایسے وقت جب یوکرین میں روس کی جنگ تیسرے سال میں داخل ہونے والی ہے یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے تیسری عالمی جنگ کے خدشے سے خبر دار کیا ہے۔ انہوں نے جرمنی کے سرکاری براڈکاسٹر اے آر ڈی کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ جرمن چانسلر بھی اس خطرے سے واقف ہیں۔زیلنسکی کا کہنا تھا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ چانسلر (اولاف شولس) بھی اس خطرے سے آگاہ ہیں کہ اگر روس نے نیٹو کے کسی رکن ملک کو نشانہ بنایا تو اس سے تیسری عالمی جنگ کا آغاز ہو جائے گا۔یوکرینی صدر نے جنگ کی موجودہ صورت حال کے مدنظر جرمنی اور امریکہ سمیت دیگر ملکوں سے مالی امداد کی اپیل کی۔ انہوں نے اس حوالے سے جرمنی اپنا کردار ادا کرنے پر بھی زور دیا۔ زیلنسکی نے خبر دار کیا کہ امریکہ کی جانب سے کیف کے لیے امداد میں کمی سے ایک غلط پیغام جائے گا۔ خیال رہے کہ امریکی صدر کو یوکرین کی مزید مدد پر ریپبلیکن کی جانب سے مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔امریکی امداد میں ممکنہ کمی کے مدنظر زیلنسکی نے جرمنی پر زور دیا کہ وہ یورپی یونین کے شراکت داروں کو آمادہ کرنے کے لیے اپنے اقتصادی وزن کا استعمال کرے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی یورپی یونین کو اس معاملے پر متحد کرسکتا ہے۔ انہیں امیدہے کہ برلن ایک بڑا کردار ادا کرے گا جو امریکی امداد میں کمی کی صورت میں مدد گار ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک کے جرمنی کے ساتھ اہم اقتصادی تعلقات ہیں اور ان کی معیشت جرمنی کے فیصلوں پر منحصر ہے کیونکہ جرمنی کی معیشت مضبوط ہے۔